لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سالانہ انتخابات میں کلین سویپ کامیابی پر یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نو منتخب عہدیدان حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان ایک پل کے طور پر اپنا اہم کردار ادا کریں گے جس سے ملک میں اقتصادی ترقی کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ یو بی جی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گروپ کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی مشاورت کے ساتھ کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور ملک کی مجموعی برآمدات کے حجم میں اضافہ کے لئے متعدد ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نو منتخب صدر انجینئر دارو خان اچکزئی کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کاروباری برادری کے خدشات کو دور اور مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔