بیجنگ، سنگاپور: چین سمیت کئی ممالک نے اپنی ایئر لائنز کو بوئنگ 737 طیارے استعمال کرنے سے روک دیا ہے. چین کی سول ایوی ایشن انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بوئنگ737 میکس 8 ماڈل طیاروں کو گذشتہ 5 ماہ میں دوسرا حادثہ پیش آیا ہے. حفاظتی اقدامات کے تحت اس طیارے کے استعمال کو روکنا ضروری ہے۔
چین کے بعد انڈونیشیا،سنگاپور، برازیل اور ایتھوپیا نے بھی امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے 737 میکس 8 طیارے گرائونڈ کردیے ہیں. سنگاپور کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے منگل کو جاری حکم نامے میں بوئنگ 737 میکس 8 طیاروں کی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیے: چین نے اپنے ملک کی تمام ایئر لائنز کو بوئنگ 737 طیارے استعمال کرنے سے روک دیا
ان ممالک کی جانب سے بوئنگ طیاروں کے استعمال کو روکنے کا فیصلہ 10 مارچ کو ایتھوپین ایئر لائنز کے بوئنگ طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے بعد کیا گیا ہے. ایتھوپین ائیرلائن کا طیارہ بوئنگ 737 ادیس ابابا ائیرپورٹ سے پرواز بھرنے کے 6 منٹ بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 149 مسافروں اور عملے کے 8 افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا تھا. ہلاک ہونے والوں میں امریکا، کینیڈا، برطانیہ، سعودی عرب، ایتھوپیا، بھارت سمیت کچھ دیگر ممالک کے باشندے شامل تھے.