وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے دوست ممالک کی جانب سے قومی خزانے میں مزید 4.1 ارب ڈالر آئیں گے.
ہفتے کو کراچی میں پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات جلد 2 ارب ڈالر سٹیٹ بنک آف پاکستان کو جاری کریگا اور 2.1 ارب ڈالر چین سے آئیں گے.
یہ بھی پڑھیے: آئی ایم ایف نے پوزیشن بدل لی، معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں: اسد عمر
ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ابوظہبی فنڈ فار ڈیولپمنٹ سے قرض 3 فیصد کی مقرر شدہ شرح سود پر لیا گیا ہے جبکہ چین سے قرض 2.5 فیصد شرح سود پر حاصل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاحال اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے غیر ملکی ذخائر 8.11 ارب ڈالر ہیں، جو ان قرضوں کی فراہمی کے بعد 12 ارب ڈالر ہو جائیں گے اور کمرشل بنکوں کے پاس موجود پیسے کو بھی شامل کیا جائے تو آئندہ ہفتے زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب ڈالر ہو سکتے ہیں.
یہ بھی پڑھیے: پاکستان کو متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط موصول
دسمبر 2018ء میں یو ای اے نے پاکستان کی دوستی کا پاس کرتے ہوئے 6 ارب ڈالر کا امدادی پیکج دینے کا اعلان کیا تھا جس میںسے تین ارب ڈالر سٹیٹ بنک آف پاکستان میں رکھے جانے تھے جبکہ 3 ارب ڈالر کا تیل تاخیری ادائیگیوں کی مد میں فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا.
ابوظہبی سے قرضوں کی پہلی قسط جنوری 2019ء میں مل چکی ہے. اسی طرح گزشتہ سال جولائی میں چین نے سٹیٹ بنک آف پاکستان میں 2 ارب ڈالر جمع کرائے تھے.