اسلام آباد: رواں مالی سال 2018-19ءکے ابتدائی تین ماہ میں جولائی تا ستمبر کے دوران کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کی جانے والی ای کامرس ٹرانزیکشنز میں 28.57 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2018ءکے دوران کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کی جانے والی ای کامرس ٹرانزیکشنز سے 7.2 ارب روپے کا لین دین کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2017ءکے دوران کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کی جانے والی ای کامرس ٹرانزیکشنز کا حجم 5.6 ارب روپے رہا تھا۔ اس طرح جولائی تا ستمبر 2017ءکے مقابلہ میں جولائی تا ستمبر 2018ءکے دوران کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کی جانے والی ای کامرس ٹرانزیکشنز میں 1.6 ارب روپے یعنی 28.57 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ای کامرس پر منحصر گراسری کمپنیاں
جبکہ مالی سال 2018-19ءکی پہلی سہ ماہی میں جولائی تا ستمبر کے دوران ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے کی جانے والی ای کامرس ٹرانزیکشنز میں105 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی پے منٹ سسٹم رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2018ءمیں ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے 4.1 ارب روپے کا لین دین کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2017ءکے عرصہ میں ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیوں/ وصولیوں (ٹرانزیکشنز) کے تحت 2 ارب روپے کا لین دین کیا گیا تھا۔ اس طرح جولائی تا ستمبر2017ءکے مقابلہ میں جولائی تا ستمبر 2018ءکے دوران ڈیبٹ کارڈز سے کی جانے والی ای کامرس ٹرانزیکشنز کی شرح میں 105 فیصد یعنی 2.1 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔