اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان، 100 انڈیکس میں 157 پوائنٹس کا اضافہ

115

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان رہا۔ ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 157 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے تیسرے روز بدھ کو کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ مثبت زون میں ٹریڈ کرتی دیکھی گئی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 157 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 39 ہزار 845 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
کاروبار کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس 39 ہزار 688 پوائنٹس پر موجود تھا۔
اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران 15,747,460 شیئرز کا لین دین ہوا جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 686,401,020 بنتی ہے۔
گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ کا آغاز مثبت زون میں ہوا تھا تاہم اختتام پر مارکیٹ منفی زون میں ٹریڈ کرتی نظر آئی۔
گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان رہا ۔تاہم کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو 484 پوائنٹس کے اضافے پر اختتام ہوا تھا۔
27 فروری کو پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچیج میں شدید مندی دیکھی گئی اور کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1484 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے ساتھ ہی مارکیٹ 38 ہزار 349 پر ٹریڈ کرتی دیکھی گئی۔
پاکستان کی بھارت کو بھرپور جوابی کارروائی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آنا شروع ہوئی اور کاروبار کے اختتام سے قبل کے ایس ای 100 انڈیکس مثبت زون میں بھی ٹریڈ کرتا دیکھا گیا تھا۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 128 پوائنٹس کی کمی کے بعد 38 ہزار 692 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
28 فروری کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز مثبت آغاز کے بعد ملا جلا رجحان رہا۔ جس کے بعد دن کا اختتام مثبت انداز میں ہوا تھا اور 100 انڈیکس میں 361 پوائنٹس کا اضافہ سے انڈیکس 39 ہزار 054 پر بند ہوا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here