گوگل اور ایپل پر ایک سعودی ایپلی کیشن ہوسٹ کرنے پر کافی تنقید کی جا رہی ہے۔ أبشر (Absher) نامی اس ایپلی کیشن سے سعودی مرد اپنی زیر کفالت خواتین کو ٹریک کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بغیر اجازت ملک چھوڑنے سے روک سکتے ہیں۔ گوگل نے اس حوالے سے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اس ایپلی کیشن کو پلے سٹور سے ہٹانے سے انکار کر دیا ہے۔تاہم ایپ سٹور کی انتظامیہ ابھی تک متنازع سمجھی جانے والی سعودی ایپلی کیشن أبشر کی جانچ کر رہی ہے۔
گوگل نے امریکی ایوان نمائندگان میں کیلیفورنیا کی نمائندہ جیکی سپیئر کو بتایا کہ وہ أبشر کو پلے سٹور سے نہیں ہٹائیں گے۔ اس سے پہلے جیکی اور کانگرس کے دوسرے اراکین نے گوگل اور ایپل پر أبشر ایپ سٹور اور پلے سٹور سے أبشر کو ہٹانے پر زور دیا تھا۔ جبکہ ایپل نے 28 فروری کو جیکی کو بتایا تھا کہ وہ ابھی تک اس ایپلی کیشن کا ریویو کر رہے ہیں۔
گوگل کا کہنا ہے کہ أبشر نے پلے سٹور پر کسی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی، اس لیے اسے سٹور سے نہیں ہٹایا جائے گا۔
سعودی عرب کی حکومت نے عمومی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی ایک ایپلی کیشن أبشر بنائی ہے۔ اس میں دوسرے کئی فیچرز کے ساتھ ایک فیچر ایسا ہے، جس سے سعودی مرد اپنی زیر کفالت خواتین کے سفر کو مانیٹر کر سکتے ہیں اور انہیں بیرون ملک سفر کی اجازت دے سکتے ہیں۔ مغربی دنیا میں اس فیچر کو کافی متنازعہ سمجھا جا رہا ہے۔
اس ایپ کو استعمال کرنے کے لیے سرپرست کو اپنی زیر کفالت خواتین کو رجسٹر کرنا پڑتا ہے۔ جس کے بعد سرپرست اپنی زیر کفالت خواتین کو کسی مخصوص جگہ جانے سے روک سکتا ہے اور اُن کی سفری سہولیات کو محدود کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جب بھی کوئی خاتون سرحد پار کرنے کی کوشش کرے گی تو کسٹم آفیسر کی طرف سے سرپرست کو ایپلی کیشن میں ایک میسج آئے گا۔ اگر خاتون سرپرست کی اجازت کے بغیر سرحد پار کر رہی ہوگی تو سرپرست اس پر فوری ایکشن لے سکے گا۔
اس ایپلی کیشن سے پہلے سعودی خواتین کو اکیلے سفر کرنے کے لیے ایک فارم دکھانا پڑتا تھا۔ اس فارم میں جعل سازی ہو سکتی تھی لیکن أبشر میں جعل سازی کے چانس کو ختم کر دیا گیا ہے۔
أبشر میں بہت سے بہترین فیچرز بھی ہیں۔ اس ایپلی کیشن سے جرمانوں کی رقم کی آن لائن ادائیگی کی جا سکتی ہے۔ تاہم مغربی دنیا میں اس کے صرف ٹریکنگ فیچر کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایپل کے سی ای او ٹم کک نے تنقید کے بعد ایپلی کیشن کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایپل کے ایپ سٹور پر تو ایپلی کیشن کے ڈاؤن لوڈز کےاعداد و شمار دستیاب نہیں ہوتے لیکن گوگل پلے سٹور پر اس ایپلی کیشن کو کئی ملین بار ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔ پلے سٹور پر ایپلی کیشن کی ریٹنگ 5 میں سے 4.6 ہے۔