اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں گندم کی درآمد میں کرپشن کے مقدمے میں نیب سے3ہفتے میں جامع رپورٹ طلب کرلی۔
جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی،1997 میں غیر معیاری گندم امپورٹ کرنے پر نیب نے سابق وزیر اعلیٰ مہتاب عباسی اور دیگر شخصیات کیخلاف ریفرنس تیار کیا تھا تاہم الزامات ثابت نہ ہونے پر ملزمان بری ہوگئے، عدالت نے نیب افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی۔
جسٹس عظمت سعید نے پراسیکیوٹر جنرل نیب سے استفسار کیا کہ یہ بہت پرانامعاملہ ہے جس کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا، عدالت نے معاملہ میں ذمہ دار نیب افسران سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی، اس کا کیا بنا، کیا رپورٹ جمع کرادی گئی ہے، پراسیکیوٹر جنرل نے جواب دیا کہ نیب نے رپورٹ جمع کرا دی ہے ۔