اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت گوادر پورٹ میں اب تک 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، 5 جدید نئی کرینیں نصب کی گئی ہیں، 2 لاکھ 20 ہزار گیلن صاف پانی روزانہ فراہم کیا جارہا ہے،گوادر میں سیویج ڈسپوزل سسٹم اور کارگو ہینڈلنگ کے لئے آلات بھی نصب کئے گئے ہیں۔
سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام کے مطابق پاکستان اور چین کے مابین گوادر پورٹ بین الاقوامی اور جدید بندرگاہ بنانے میں مدد ملے گی وہاں اقتصادی زونز کو عملی شکل دے کر پاکستان میں صنعتی انقلاب کیلئے راہ ہموار ہوگی۔دستاویزات کے مطابق گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے منصوبے 18.9 کلومیٹر چار لین شاہراہ کی تعمیر کی جارہی ہے، یہ شاہراہ گوادر بندرگاہ کو مکران کوسٹل ہائی وے، فری زون اور مستقبل کے کنٹینرز ٹرمینل سے ملائے گی۔