کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ (جولائی سے جنوری) میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 17 فیصد کمی آئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں پاکستان میں 1 ارب 45 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جو گزشتہ برس کی اسی مدت میں ہونے والی سرمایہ کاری 1 ارب 76 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے 17.6 فیصد کم ہے۔
دوسری جانب سالانہ کے حساب سے جنوری میں رقوم کی مد میں 2.40 فیصد اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ برس کے اسی ماہ کے مقابلے میں 12 کروڑ 89 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 13 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان مالی بحران سے نکل چکا، معیشت سمت میں گامزن ہے: گورنرسٹیٹ بنک
مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق سرمایہ کاری کے شعبے میں رقم کے بیرونی بہاؤ کی صورتحال کچھ اچھی نہیں اور سرمایہ کاروں نے 7 ماہ کے دوران 40 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی رقم اسٹاک مارکیٹ سے واپس نکال لی ہے جبکہ گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران نکالی جانے والی رقوم کا حجم 7 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھا۔
رپورٹ کے مطابق چین اب بھی پاکستان میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کررہا ہے جس کی سرمایہ کاری کا حجم پاکستان میں ہونے والی کل سرمایہ کاری کا 56.8 فیصد ہے یوں 7 ماہ کے دوران اس کی کل سرمایہ کاری 82 کروڑ 55 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے ایک ارب 14 کروڑ 20 لاکھ کی سرمایہ کاری کے مقابلے 27.8 فیصد کم ہے۔
چین کے علاوہ برطانیہ وہ واحد بڑا ملک ہے جس نے مذکورہ عرصے کے دوران 10 کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی اور اس کا کل حجم 12 کروڑ 74 لاکھ ڈالر رہا۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستانی معیشت کو قدرتی آفات سے 18 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا، ایشیائی ترقیاتی بینک
سرمایہ کاری میں آنے والی اس کمی کے باوجود تعمیراتی شعبہ سرمایہ کاروں کا پسندیدہ رہا اور اس شعبے میں گزشتہ سال کے 38 کروڑ 62 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 28 کروڑ 89 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔
تاہم سب سے زیادہ کمی توانائی کے شعبے میں دیکھی گئی جس کی گزشتہ برس کی براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری 62 کروڑ 52 لاکھ ڈالر سے کم ہو کر 23 کروڑ 38 لاکھ ڈالر ہوگئی۔
اس کے علاوہ فنانشل بزنس کے شعبے میں کی جانے والی سرمایہ کاری گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران ہونے والی 30 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے کم ہو کر 21 کروڑ 67 لاکھ ڈالر ہوگئی۔
اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ایسے شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا جو گزشتہ برس کی بیرونی سرمایہ کاری کی فہرست میں غیر اہم تھے، مثلاً مشروبات کے شعبے میں 7 کروڑ 56 لاکھ ڈالر، برقی مشینوں میں 12 کروڑ 64 لاکھ ڈالر اور کیمکلز کے شعبے میں 8 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔
[…] رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری میں 17 … […]