سعودیہ اور پاکستان کے مابین 28 کھرب روپے کے معاہدے، سعودی ولی عہد کا مزید سرمایہ کاری کا اعلان

598

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے طیارے کا پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی شایان شان استقبال کیا گیا اور فضا میں ہی پاک فضائیہ کے ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے شاہی طیارے کو اپنے حصار میں لیا۔
نورخان ایئربیس پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان، وفاقی کابینہ کے ارکان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاکستان میں سعودی سفیر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان 20 ارب ڈالر کے مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
وزیراعظم عمران خان سے سعودی ولی عہد کی ون آن ون ملاقات کے بعد معاہدوں اور ایم اویوز پر دستخط کے لیے تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے سعودی ہم منصب کے ہمراہ معاہدوں اور ایم اویوز پر دستخط کیے۔

پاکستان اورسعودی عرب کےدرمیان اسٹینڈرائزیشن کےشعبے میں تکنیکی تعاون،نوجوانوں کے اموراورکھیلوں کے شعبے میں تعاون بجلی کی پیداوارکےشعبےمیں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
دونوں ممالک کے درمیان معدنی وسائل کے شعبے، ریفائنری پیٹروکیمیکل پلانٹ کے قیام اور متبادل توانائی مصنوعات کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
اس موقع سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ 20 ارب ڈالر کے معاہدے سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ ہے، اگلے20 سال میں پاکستان میں سیاحت کا شعبہ فروغ پائے گا اور آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید پروان چڑھیں گے۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس سے خطاب میں سعودی ولی عہد نے کہا کہ یقین ہے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بہت آگے بڑھےگا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ولی عہد بننے کے بعد ان کا یہ ایشیا کا پہلا دورہ ہے اور وہ سب سے پہلے پاکستان آئے ہیں۔

تقریب سے وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے آج ایک عظیم دن ہے ، سعودی ولی عہد اور ان کے وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کرتے ہیں، سعودی عرب ہمیشہ سے پاکستان کا دوست اور بھائی رہا ہے ، سعودی قیادت اور عوام ہمارے دلوں میں رہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میرے لیے مکہ اور مدینے کا سفر سب سے بڑا اعزاز رہا ہے، سعودی عرب ہر ضرورت اور مشکل میں ہمارے ساتھ رہا ہے، ہمیں سیاحت کے شعبےمیں بہت کام کرناہے۔
عمران خان نے کہا کہ پیٹروکیمیکل اور معدنیات کے شعبے میں مفاہمت بہت زیادہ اہم ہے، پاکستان اور سعودی عرب اپنے تعلقات کو بلندیوں پر لے جارہے ہیں، پاکستان میں سیاحت کے بہت مواقع ہیں، سی پیک سے دنیا کی بڑی مارکیٹ سے روابط بڑھیں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ سعودی سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔

1 COMMENT

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here