اسلام آباد: پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز نے 19 فروری سے مزید تین مختلف روٹس پر فلائٹس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی آئی اے 19 فروری سے پشاور سے شارجہ کیلئے ہفتے میں دو فلائٹس چلائے گی تاہم دیگر دو روٹس پر غور جاری ہے جن میں پشاور سے العین اور ملتان سے شارجہ کے شامل ہیں۔ مزید تین روٹس شروع کرنے کا مقصد مسافروں کو سہولت فراہم کرنا اور ان کا پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز پر اعتماد کو بحال کرنا ہے تاکہ وہ سفر کیلئے پی آئی اے کو ترجیح دیں۔گذشتہ تین ماہ میں پی آئی اے کی جانب سے مزید 28 فلائٹس کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ خسارے میں چل رہے ادارے کومنافع بخش بنایا جا سکے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے یکم جنوری کو پی آئی اے کے چیئرمین کو ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ ادارے کی بحالی اور خسارے کو کم کرنے کیلئے جامع پلان تشکیل دیں۔ پی آئی اے حکام کی جانب سے وزیراعظم کوبریفنگ دی گئی تھی کہ پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز اس وقت 414.3 بلین روپے کے خسارے میں ہے ۔