کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پیر کو کاروبار حصص میں زبردست تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس کی 41200 ، 41300 ، 41400 ، 41500 اور 41600 کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 11 فیصدزائد رہااور 67.11 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ کاروبار میں تیزی کے سبب مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں 83 ارب 89 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔
سوموار کو شیئرز مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج اور حکومتی مالیاتی اداروں مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ، توانائی، سیمنٹ اور کیمیکلز سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 41632 پوائنٹس کی بلند سطح پر ریکارڈ کیاگیا تاہم اتار چڑھاؤ کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن برقرار رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 501.68 پوائنٹس اضافے سے 41614.39 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 261.77 پوائنٹس اضافے سے 19999.54 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1189.57 پوائنٹس اضافے سے 69798.65 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 2181.81 پوائنٹس اضافے سے 30107.80 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر 374 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 251 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 105 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 18 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔
سوموار کو مجموعی طور پر 25 کروڑ 41 لاکھ 8 ہزار 750 شیئرز کا کاروبار ہوا، جو جمعہ کی نسبت 2 کروڑ 51 لاکھ 88 ہزار 60 شیئرز زائد تھا۔ مارکیٹ کے مجموعی سرمائے 83 ارب 89 کروڑ 38 لاکھ 65 ہزار 43 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 82 کھرب 54 ارب 78 لاکھ 56 ہزار 35 روپے ہوگئی۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے نیسلے پاک کے حصص سرفہرست رہے، جس کے حصص کی قیمت 390.00 روپے اضافے سے 8900.00 روپے اوریونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمت 349.99 روپے اضافے سے 7349.99 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی فلپس موریس پاک کے حصص میں ریکارڈکی گئی جس کے حصص کی قیمت 170.44 روپے کمی سے 3238.36 روپے اور آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 85.00 روپے کمی سے 1615.00 روپے ہوگئی۔ پیر کو بینک آف پنجاب کی سرگرمیاں 1 کروڑ 98 لاکھ 40 ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 28 پیسے اضافے سے 13.83 روپے پر جبکہ کے الیکٹرک لمیٹڈ کی سرگرمیاں 1 کروڑ 76 لاکھ 2 ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، جس کے شیئرز کی قیمت 20 پیسے اضافے سے 6.68 روپے ہوگئی۔