لاہور: صوبہ بھر میں محفوظ اور صحت مند خوراک کی طرف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سبزیوں پر کیڑے مار ادویات کے اثرات پر تحقیق مکمل کر لی ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیکنیکل ونگ نے محکمہ زراعت کے تعاون سے کی گئی تحقیق کے نتائج ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کو پیش کر دیے ہیں۔مختلف سبزیوں کے 30 میں 29 سیمپل پاس ہوگئے ہیں جن پرجراثیم اور کیڑے مار ادویات کے اثرات نہیں پائے گئے۔تفصیلات کے مطابق عوام کیلئے اچھی اور بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ محفوظ اور صحت مند خوراک کی یقینی فراہمی کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سبزیوں پر کیڑے مار جراثیم اور ادویات کے اثرات پر تحقیق مکمل کر لی ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیکنیکل ونگ نے محکمہ زراعت کے تعاون سے کی گئی تحقیق کے نتائج ڈی جی فوڈ اتھارٹی کو پیش کر دیے ہیں۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیق میں سبزیاں انسانی استعمال کے لیے محفوظ پائی گئیں ہیں۔ تمام نمونے اوپن مارکیٹ میں عام دوکانوں سے خرید کر لیبارٹری بھجوائے گئے تھے۔ جس علاقے کا ایک سیمپل فیل ہواہے وہاں سے مزید سیمپل لیے جائیں گے۔فیل ہونے والے سیمپل پر مزید تحقیق کر نے کا مقصد مسئلے کی جڑ تک پہنچنا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ کی شق 7 اور شق 57 کے تحت اشیائے خورونوش پر ادویات کے استعمال کی حد کا تعین کر رہے ہیں۔تحقیق کے نتائج اور ادویات کے استعمال کی حد محکمہ زراعت کو بھی بھجوائی جا رہی ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی ادویات کے استعمال کی حد کے حوالے سے آگاہی پروگرام بھی ترتیب دے رہی ہے۔ ادویاتی اجزاءکی حد کا تعین اور تحقیق کا مقصد صارف تک محفوظ اشیاءکی فراہمی یقینی بنانا ہے۔