اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سی این جی اسٹیشنز سے کمپنی کی بجائے مارکیٹ پرائس پر جنرل سیلز ٹیکس وصولی شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ایف بی آر نے فیلڈ فارمشنز کی جانب سے موصول ہونیوالے لیٹر پر سی این جی اسٹیشنزکو سپلائی ہونیوالی سی این جی کی کی مارکیٹ پرائس کے مطابق ویلیو مقرر کرنے کی تجویز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور سی این جی پر جی ایس ٹی کی وصولی صارفین کو فراہم کی سپلائی کی جانے والی قیمت پر کرنے سے ملک میں سی این جی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنما غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ سی این جی سیکٹر پہلے ہی 17کی بجائے 26فیصدسیلز ٹیکس ادا کر رہا ہے، حکومت سی این جی سیکٹر سے 17فیصد کی مروجہ شرح کے مطابق ٹیکس وصول کرے۔ دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کو فیلڈ آفسز سے موصول ہونے والی لیٹر میں ایف بی آر ہیڈ کوارٹر سے کہا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی سیکشن 3(8) کے تحت مارکیٹ پرائس کے مطابق صارفین کو سی این کی سپلائی کی ویلیو مقرر کی جائے تاکہ مذکورہ شق کے مطابق سی این جی اسٹیشنز سے مارکیٹ پرائس پر جی ایس ٹی کیوصولی کی جاسکے۔سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنما غیاث پراچہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس وقت سی این جی انڈسٹری 263 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے گیس انفراء سٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس(جی آئی ڈی سی) ادا کررہی ہے اور اس کے علاوہ سی این جی پر سترہ فیصد کی بجائے 26 فیصد جی ایس ٹی ادا کررہی ہے اور یہ فائنل ٹیکس ہے۔