لاہور: نیسپاک نے اپنے قیام 1973 سے اب تک ملکی اور بیرون ملک 3900 ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ ان منصوبوں کی مجموئی لاگت 19000 ارب روپے ہے۔ نیسپاک نے یہ منصوبے پاکستان، مڈل ایسٹ، ایشیا، افریقہ،بشمول سعودی عرب 37 ترقی پزیر ممالک میں مکمل کیے اور ان ملکوں کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور پاکستان کیلیے کثیر زرمبادلہ کمایا۔ یہ بات نیسپاک مینیجنگ ڈائریکٹرڈاکٹر طاہر مسعود نے انٹرویو میں بتائی۔ انہوں نے کہا پاکستان کے علاوہ نیسپاک اس وقت سعودی عرب، عمان، قطر، اور افغانستان میں کئی بڑے منصوبے مکمل کرنے میں مصروف عمل ہے ان منصوبوں میں 969 میگاواٹ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، منگلا ڈیم ریزنگ کا منصوبہ، 4800 میگاواٹ آرایل این جی سے چلنے والے بجلی کے پلانٹس، 747 میگاواٹ کمبائینڈ سائیکل پاورپلانٹ گڈو، اورنج لائن میٹرو ٹرین لاہور، میٹرو بس منصوبے، لاہور رنگ روڈ، سی پیک منصوبے، کچھی کنال کا منصوبہ، شمالی اور جنوبی وزیرستان ایجنسیز میں ترقیاتی کام، زلزلہ ذدہ علاقوں کی بحالی، ایکسپوسینٹر کراچی، ڈی ایچ اے سکیمز لاہور، پشاور، اور گوجرانوالہ، نیو اسلام آباد ایرپورٹ، افغانستان میں آن فارم مینیجمنٹ منصوبہ، اردن میں ریزنگ ولہ ڈیم، اور سعودی عرب میں سڑکوں اور بجلی کے منصوبے شامل ہیں۔ انہون نے بتایا کہ نیسپاک کی افرادی قوت 5000 تک پہنچ چکی ۔ جن میں سے 3600 کے قریب پروفیشنل اور پیرا پروفیشنل جبکہ باقی تعداد دیگرعملے پر مشتمل ہے۔ ملکی اور غیر ملکی مشاورتی فرموں کے مقابلے میں نیسپاک کے لیے یہ سب سے بڑا اعزازہے کہ اقتصادی ترقی اور انجینیئرنگ سے متعلق تقریبا تمام شعبوں میں یہ اپنی خدمات فراہم کر سکتی ہے۔