لاہور: پاکستان فٹ وئیر مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 3روزہ پانچواں سالانہ پاکستان میگا لیدر شو اختتام پذیر ہوگیا۔پاکستان فٹ وئیر مینو فیکچررز ایسو سی ایشن کے ذرائع کے مطابق جنوبی ایشیا کے دوسرے بڑے میگا لیدر شو میں چین، جاپان، اٹلی، جرمنی ، یو اے ای، یو ایس اے، سپین ،بھارت اور تیونس سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں اور صارفین نے شرکت کی۔میگا لیدر شو میں قومی و بین الاقوامی کمپنیوں نے 300 سے زائد سٹالز لگائے جن پر دستانے،جیکٹس،جوتے،گارمنٹس و دیگر لیدر سے بنی مصنوعات نمائش کے لئے پیش کی گئیں۔میگا شو میں مشیر وزیر اعظم عبد الرزاق داؤد، پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفنو پونٹی کارو نے خصوصی شرکت کی۔
پاکستان فٹ وئیر مینو فیکچررز ایسو سی ایشن کے صدر حسن جاوید کے مطابق اس میگا لیدر شو کا مقصد پاکستان میں لیدر کی صنعت کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کے موقع فراہم کرنا تھا۔ میگا لیدر شو میں 300 سے زائد سٹالز لگائے گئے۔ میگا شو میں لیدر انڈسٹری، کاروباری برادری، متعلقہ اداروں سمیت 15 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ پی ایم ایل ایس 2019ء لیدر مصنوعات بشمول جوتا سازی، ملبوسات، دستانے، لیدر سے متعلقہ اشیاء اور لیدر پروسیسنگ مشینری اور کیمیکلز کے فروغ کیلئے ایک سالانہ نمائش ہے۔ نمائش کنندگان نے اپنے سٹالز پر وسیع اقسام کی حامل مصنوعات کی نمائش کی۔ نمائش میں ان پٹ سپلائرز، چمڑے کی مصنوعات تیار کرنے والوں، خریداروں اور لیدر کے شعبہ میں ممکنہ شراکت داروں نے اقتصادی نمو اور ترقی کی حوصلہ افزائی کے نکتہ نظر کے ساتھ شرکت کی۔