پی ٹی آئی حکومت نے مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو ٹیکنالوجی کی مدد سے شکست دینے کی ٹھان لی ہے.
جی ہاں! عوام کو منافع خوروں سے بچانے کے لیے سیالکوٹ میں اشیائے خورونوش کے سرکاری نرخ بتانے والی ایپلی کیشن ’’قیمت ایپ ‘‘ متعارف کروا دی گئی۔
اس ایپ کی مدد سے شہری ناصرف کھانے پینے کی اشیاء کے سرکاری نرخ معلوم کرسکیں گے بلکہ ناجائز منافع کمانے والے دکانداروں کی نشاندہی بھی ہوسکے گی.
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اس حوالے سے صحافیوں کو بتایا کہ ابتدائی طور پر ایپ کا استعمال سیالکوٹ سے شروع کیا جا رہا ہے،کامیابی کی صورت میں یہ ایپ دیگر شہروں میں بھی متعارف کروائی جائےگی.
انہوں نے کہا کہ جدید طریقہ کار سے ہیرا پھیری کرنے والے دکانداروں کا پتہ لگایا جا سکے گا اور صارفین مصنوعی مہنگائی کیخلاف شکایت کرسکیں گے۔
عثمان ڈار نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو شکایت پر متعلقہ دکانداروں کیخلاف کارروائی کرے گی۔ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہو گیا تو صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی شروع کیا جائے گا۔