کراچی: حکومت کی جانب سے منی بجٹ کے اعلان کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج گذشتہ ہفتے کاروبار حصص میں اتار چڑھاؤ رہا اور مجموعی طور پر زبردست تیزی کا رجحان رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 958.28 پوائنٹس کے اضافہ سے 40264.78 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار میں اتار چڑھاؤ کے بعد مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو 1 کھرب 25 ارب 13 کروڑ روپے منافع ہوا جس کے سبب سرمائے کا مجموعی حجم 79 کھرب 26 ارب روپے سے بڑھ کر 80 کھرب 51 ارب روپے ہو گیا ۔ شیئرز مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور پہلے دن انڈیکس میں 237.27 پوائنٹس کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا، دوسرے دن انڈیکس میں 358.44 پوائنٹس کا اضافہ ہوا بعد ازاں آنیوالے 2 دنوں میں مارکیٹ میںتیزی کا رجحان دیکھا گیا جس کی وجہ سے انڈیکس مزید 386.95 پوائنٹس بڑھ گیا ، تاہم کاروباری ہفتہ کے آخری دن انڈیکس میں 24.38 پوائنٹس کی مندی ہوئی یوں انڈیکس 40264.78 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ۔گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںکے ایس ای 100 انڈیکس میں 958.28 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 39306.50 پوائنٹس سے بڑھ کر 40264.78 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 589.50 پوائنٹس کی تیزی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 18757.07 پوائنٹس سے 19346.57 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 449.84 پوائنٹس سے بڑھ کر 29367.67 پوائنٹس ہو گیا ۔مجموعی طور پر تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب 25 ارب 13 کروڑ 5 لاکھ 44 ہزار 546 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 79 کھرب 26 ارب 50 کروڑ 10 لاکھ 15 ہزار 943 روپے سے بڑھ کر 80 کھرب 51 ارب 63 کروڑ 15 لاکھ 60 ہزار 489 روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر 1727 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 881 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 740 میں کمی اور 106 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔