اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ (دسمبر) کے دوران ملک میں بجلی کی پیداوار کے شعبے میں 17.2 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2018 میں ملک میں تھرمل، ہائیڈل اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں 17.2 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔مالی سال 2018-19 کے ابتدائی چھ ماہ (جولائی تا دسمبر)میں اس شعبے میں اب تک 201.9 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔ مالی سال 2017-18 کے ابتدائی چھ ماہ میں بجلی کے پیداواری شعبے میں 611.9 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران تھرمل کے شعبے میں 32.9 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔مالی سال 2017-18 کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران تھرمل کے شعبے میں 39.2 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔دسمبر 2018 میں پانی سے بجلی کی پیداوار کے شعبے میں 11.3 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ گزشتہ چھ ماہ میں اس شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 105.6 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2017-18 کے ابتدائی چھ ماہ میں پانی سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں 48.4 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔ اسی طرح رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں 63.3 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں 524.3 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔ موجودہ حکومت سستی بجلی کے پیداواری منصوبوں میں دلچسپی لے رہی ہے تاکہ عام لوگوں کو کم قیمت پر بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
[…] […]