اسلام آباد: وزارت منصوبہ بندی و اصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں کشمیر افیئرز اور گلگت بلتستان ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کیلئے مجموعی طور پر اب تک 25 ارب 26 کروڑ 37 لاکھ روپے سے زیادہ کے فنڈز جاری کئے ہیں، حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال کے دوران 43ارب 39 کروڑ روپے سے زیادہ کے فنڈز مختص کئے ہیں۔
پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق حکومت نے 16 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نلتر تھری کے لئے 15کروڑ، گلگت میں 50بستروں پر مشتمل دل کے مریضوں کیلئے ہسپتال کے قیام کے لئے 4کروڑ، جی بی بلاک کے لئے 8 ارب 10کروڑ ، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج میرپور کے لئے 9کروڑ 42لاکھ ، میر واعظ محمد فاروق شہید میڈیکل کالج مظفر آباد کے لئے 20کروڑ، اے جے کے بلاک ایلوکیشن کے لئے 14ارب 14کروڑروپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔