مؤثر مواصلاتی نظام مضبوط معیشت کا ضامن ہو سکتا ہے، مراد سعید

682

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ مؤثر مواصلاتی نظام مضبوط معیشت کا ضامن ہو سکتا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی حکومت ٹرانسپورٹ سیکٹر کی بہتری کےلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو لاجسٹک اینڈ ٹرانسپورٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا لاجسٹک ٹرانسپورٹ کی سہولت کےلئے بین الوزارتی ورکنگ گروپ کے قیام کی ضرورت ہے جس کےلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ شاہرات کی بہتری سے ملک کی معیشت کو استحکام حاصل ہوتا ہے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کےلئے ٹرانسپورٹ کے وسائل دستیاب ہوتے ہیں جس سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے بہتر مواقع کی فراہمی میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ گروپ میں متعلقہ سرکاری و نجی اداروں کے اراکین کو شامل کیا گیا ہے، ورکنگ گروپ کی طرف سے جو تجاویز دی جائیں گی انہیں لاجسٹک اور ٹرانسپورٹ پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ورکنگ گروپ کا اجلاس بہت جلد بلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے سپلائی بڑھ جانے سے لاجسٹک ولاسٹی میں اضافہ ہو گا جس سے صنعت ترقی کرے گی اور صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ورکنگ لاجسٹک گروپ ٹرانسپورٹ کے شعبہ کےلئے قواعد و ضوابط بنائے گا حادثات میں کمی لائی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے روڈ پر آنے والے ڈرائیور حضرات کو باقاعدہ تربیت یافتہ بنایا جائے گا، اس سلسلہ میں پمفلٹ تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ گروپ کے موجودہ نظام کو بہتر بنایا جائے گا اور اس کے ڈھانچے میں بہتری لائی جائے گی تاکہ اس کی کارکردگی کو فعال بنایا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here