اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہدری منصوبے کے تحت 19 ارب ڈالر مالیت کی10 منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ 12 منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، ان منصوبوں سے پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں، راولپنڈی سے خنجراب تک آپٹیکل فائبر کیبل کا منصوبہ بھی مکمل کیا جاچکا ہے۔ چینی سفارت خانہ کے حکام نے ’’اے پی پی‘‘کو بتایا کہ سی پیک سے پاکستان میں 2030ء تک روزگار کے 7 لاکھ سے زیادہ نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے غربت کی شرح میں کمی اور بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
سی پیک کی تکمیل سے پا کستان میں خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے، منصو بے کے خلاف ہونے والی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہو نے دیں گے۔ حکام کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) منصوبہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر کرنے میں گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔
ترقی پذیر ملک ہونے کے ناطے پاکستان سی پیک منصوبوں کیلئے صرف مقامی وسائل پر بھروسہ نہیں کرسکتا، منصوبہ سے مختلف خطوں کے مابین رابطہ سازی بہتر ہوگی جبکہ پاکستان میں انفراسٹرکچرکی بہتری ممکن ہوسکے گی۔
حالیہ سالوں میں بیلٹ اینڈ روڈ کے تحت مختلف منصوبوں میں کامیابی کے ساتھ کام مکمل کیا گیا، سی پیک کے بعد پاکستان معیشت پر ماہرین کی گہری نظر ہے پاکستانی معیشت کو وسائل کی ضرورت ہے اور یہ وسائل پاکستانی معیشت کو حاصل ہورہے ہیں۔