تین روزہ پاکستان میگا لیدر شو 27 جنوری سے ایکسپو سنٹر میں منعقد ہوگا

721

لاہور: پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے تعاون سے پانچواں پاکستان میگا لیدر شو 2019ء لاہور انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر میں 27 سے 29 جنوری تک منعقد ہوگا۔ایونٹ کا افتتاح وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت، پیداوار و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود کریں گے، پی ایم ایل ایس ملکی تاریخ میں چمڑے کی مصنوعات کے شعبہ میں سب سے بڑی نمائش ہوگی ،اس نمائش میں 250 ملکی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان شرکت کریں گے جس میں چین کی بہت سی کمپنیاں بھی شامل ہوں گی جنہوں نے پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی چمڑے کی صنعت میں دلچسپی ظاہر کی ہے ،اس بات کا اعلان پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حسن جاوید اور پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین آغا سیدین نے یہاں مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جنوب مشرقی ایشیا کے اس دوسرے بڑے ایونٹ کا افتتاح وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت، پیداوار و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد کریں گے۔پاکستان میگا لیدر شو لیدر کی مصنوعات کی وسیع رینج بشمول جوتا سازی، گارمنٹس، دستانے وغیرہ کے فروغ کیلئے سالانہ ایونٹس کی ایک متحرک سیریز ہے۔ یہ ایونٹ بین الاقوامی صارفین کو پاکستان میں لیدر کے شعبہ کی اتحادی صنعتوں کے درمیان مضبوط تعلقات یا تعاون کو فروغ دینے کے لئے قابل اطمینان پلیٹ فارم کی فراہمی کے ذریعے پاکستان میں انتہائی زبردست صلاحیت کی جانب متوجہ کرے گا۔
ایونٹ لیدر فٹ ویئر مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی جانب سے تیار کی جانے والی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی ایک خصوصی نمائش پر بھی مشتمل ہے۔ پی ایم ایل ایس 2019ء جاپان، چین، اٹلی، جرمنی، امریکہ، ہانگ کانگ، سپین، تیونس اور متحدہ عرب امارات سے ممکنہ خریداروں کی بھی توجہ حاصل کرے گا۔ پی ایف ایم اے کے چیئرمین حسن جاوید اور پی ٹی اے کے چیئرمین آغا سیدین نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان لیدر انڈسٹری کی صلاحیتوں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میگا لیدر شو 2019ء خطے میں دوسری بڑی فٹ ویئر و لیدر نمائش ہے۔
چمڑے سے تیار کی جانے والی اشیاء سمیت چمڑے کی پیداوار پاکستان کے مینوفیکچرنگ شعبہ میں دوسری بڑی برآمدی صنعت ہے ۔ چمڑے کے شعبہ سے تقریباً 10 لاکھ افراد بالواسطہ یا بلاواسطہ وابستہ ہیں۔ اس صنعت کی تیزی سے ترقی نے بہت سے غیر ملکی خریداروں کو جوتا سازی اور لیدر سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا ہے۔ یہ سرمایہ کاری چمڑے کی اشیا تیار کرنے والے محنت کشوں کی تکنیکی مہارت اور اس شعبہ میں معاونت کو بہتر بنائے گی۔
فٹ ویئر، چمڑے کی مصنوعات، ٹینریز، گلوز اور لیدر کے ملبوسات سمیت چار اہم صنعتی ایسوسی ایشنز نے مل کر پاکستان میگا لیدر شو کا انتظام کیا ہے۔ پی ایم ایل ایس 2019ء ملکی تاریخ میں چمڑے کی مصنوعات کے شعبہ میں سب سے بڑی نمائش ہوگی اور اس میں 250 قومی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان شرکت کریں گے اور غیر ملکی نمائش کنندگان میں چین کی بہت سی کمپنیاں بھی شامل ہوں گی جنہوں نے پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی چمڑے کی صنعت میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اس شاندار نمائش میں بہت سے بین الاقوامی فٹ ویئر جرنلسٹس، فٹ ویئر ڈیزائنرز اور فٹ ویئر و چمڑے کے سامان کے خریدار شرکت کریں گے۔ اس نمائش سے چمڑے کی صنعت کے فروغ کے لئے کاروباری افراد، سرمایہ کاروں اور تمام متعلقہ فریقین کو بہترین کاروباری مواقع اور مفید معلومات حاصل ہوں گی۔ اس شو کے انعقاد اور اس طرح کے کاروبار کے فوائد کے حوالے سے منتظمین کو صارفین اور متعلقہ فریقین کی طرف سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ حکومتی شعبہ کی طرف سے بھی زیادہ سے زیادہ شرکت متوقع ہے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، وزارت خزانہ، وزارت صنعت اور دیگر ریگولیٹری ادارے اس نمائش کے انعقاد کے لئے بے مثال تعاون کر رہے ہیں۔ اس موقع پردونوں اداروں کے سینئر ارکان بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here