سوزوکی آئندہ 2 ماہ تک مہران کار کی مینوفیکچرنگ بند کر دے گی

کمپنی 96 فیصد موٹر سائیکلیں پاکستان میں بنا رہی ہے جو افغانستان کو بھی برآمد کی جاتی ہیں جبکہ کاریں نیپال اور سری لنکا کو برآمد کی جا رہی ہیں.

827

اسلام آباد: پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچررز کے چیئرمین عامر اللہ والا نے سینٹ آف پاکستان کی ایک قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ کار بنانے والی کمپنی سوزوکی آئندہ دو ماہ میں مہران کار کی مینوفیکچرنگ بند کر دے گی.

وہ منگل کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کو بریفنگ دے رہے تھے جس کے اجلاس کی صدارت سینیٹر احمد خان نے کی.

عامر اللہ والا نے کہا کہ مہران کار کے انجن سمیت زیادہ تر پرزے پاکستان میں ہی تیار کیے جا رہے ہیں جبکہ کمپنی 96 فیصد موٹر سائیکلیں پاکستان میں ہی بنا رہی ہے اور یہاں سے موٹرسائیکلیں افغانستان کو برآمد کی جا رہی ہیں جبکہ کاریں نیپال اور سری لنکا کو برآمد کی جا رہی ہیں.

انہوںنے سینٹ قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ ملک میں اس وقت قریباََ 2.4 ملین افراد آٹو موٹیو مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے ساتھ وابستہ ہیں. کمیٹی کو بتایا گیا کہ پاکستان سالانہ 75 ہزار کاریں درآمد کر رہا ہے جبکہ کمیٹی نے ان کاروں سے متعلق تفصیلات مانگ لیں.

اللہ والا نے اپنی بریفنگ میں یہ بھی بتایا کہ صرف 9 آٹو موٹیو مینوفیکچررز پاکستان کو 1.50 ارب ڈالر کا سرمایہ فراہم کر رہے ہیں.

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here