اسلام آباد: بجلی کی چوری پکڑنے کیلئے اب موبائل فون سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایسے ایک پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز
نجی ادارے سینٹر فار انٹیلی جنس سسٹمز اینڈ نیٹ ورک ریسرچ (سی آئی ایس این آر) کی جانب سے پشاور سے کیا جا رہا ہے.
جی ہاں!اس منصوبے کے تحت ایک مخصوص قسم کا آلہ پشاور کے علاقے کارخانو مارکیٹ میں بجلی کے فیڈرز پر نصب کیا جائے گا جس کیلئے برطانوی کمپنی جی ایس ایم اے کی جانب سے 2 لاکھ پاؤنڈز فنڈ دیا گیا ہے جبکہ ڈیجیٹل مسائل کیلئے ‘جاز’ مدد فراہم کرے گا.
سی آئی ایس این آر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر گل محمد نے میڈیا کو بتایا کہ یہ منصوبہ حکومت کی جانب سے غیر ملکی فنڈنگ سے متعارف کرائے گئے اسمارٹ میٹرنگ پروجیکٹ سے مماثلت رکھتا ہے اور پائلٹ پروجیکٹ کو ایسے علاقوں میں لگایا جائے گا جہاں 25 ہزار صارفین ہوں تاہم بجلی کی چوری کی نگرانی کی قیمت اسمارٹ میٹرنگ سے انتہائی کم ہوگی۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے اسمارٹ میٹرنگ پروگرام اور ایڈوانس میٹرنگ انفرااسٹرکچر پروگرام کے لیے ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے 90 کروڑ ڈالر کا قرض حاصل کیا جارہا ہے۔