اسلام آباد: مصر کی ارب پتی کاروباری شخصیت نجیب سوارس نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے 50 لاکھ گھروں پر مشتمل نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ میں مدد کی فراہمی کے لئے پاکستان میں ایک لاکھ ہائوسنگ یونٹس کی تعمیر میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
یہ بات ایسٹیٹس کے چیف ایگزیکٹو طارق حمیدی نے ایک سعودی صحافتی ادارے عرب نیوز کو انٹرویو میں کہی.
ایسٹیٹس اورا ڈویلپرز اور سیف ہولڈنگ کا شراکت دار ہے۔ نجیب سوارس اورا ڈویلپرز کے مالک ہیں جنہوں نے 2017ء میں سیف گروپ اور کوہستان بلڈرز کی شراکت داری کے ساتھ پاکستان میں ”ایٹین” کے نام سے اسلام آباد میں ایک ہائوسنگ پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا۔
نجیب سوارس نے قبل ازیں پاکستان میں موبی لنک میں بھی سرمایہ کاری کی ہے۔
طارق حمیدی نے سعودی اخبار کو بتایا کہ نجیب سوارس نے وزیراعظم پاکستان کے آئندہ پانچ برسوں میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے وژن میں معاونت کی فراہمی میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نجیب سوارس نے اس ضمن میں ایک لاکھ باکفایت ہائوسنگ یونٹس بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں.