وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ محکمہ ریلوے سے متعلق عوامی شکایات کو فوری طور پر دور کرنے کیلئے آن لائن ریلوے شکایات سینٹر 15 فروری کو اسلام آباد میں قائم کیا جائےگا.
ہفتہ کو پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہری ریلوے عملے کے رویے، ٹرینوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال سمیت کسی بھی قسم کی شکایات فون اور ویب سائٹ پر درج کروا سکیں گے.
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے افراد کیخلاف مہم کے بعد ایسے افراد کی تعداد کم ہوئی ہے اور آئندہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کو جیل بھیجنے اور بھاری جرمانے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ ایسے افراد کی وجہ سے پاکستان ریلوے کو ہر ہفتے 60 ملین روپے نقصان کا سامنا ہے.
وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ محکمے میں سٹرکچرل تبدیلیاں بھی کی جارہی ہیں، ریل کوپ اور پی آر اے سی ایس سمیت محکمے کی پانچ کمپنیوں کو ختم کرکے دو کمپنیوں میں تبدیل کیا جائےگا.
انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے انجنوں میں ٹریکنگ سسٹم لگا دیا گیا ہے اور آئندہ ہفتے وزیر اعظم عمران خان اس سسٹم کا افتتاح کریں گے جس کے بعد دوران سفر شہری ٹرین کی لوکیشن معلوم کرسکیں گے.