وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا انڈس موٹر کمپنی کا دورہ

645

کراچی: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے انڈس موٹر کمپنی کا دورہ کیا اور اس موقع پر کمپنی کے دس لاکھ پودوں کی شجر کاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودا لگایا۔اس موقع پر انہیں پاکستان میں مستحکم انجینئرنگ صنعت، وینڈر انڈسٹری کے قیام کے حوالے سے کمپنی کے عزم اور کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ قومی خزانے میں آئی ایم سی کے حصے، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی میں کمپنی کے کردار اور صنعت کو درپیش مشکلات کے بارے میں بتایا گیا۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر کمپنی کے آپریشنز میں گہری دلچسپی لی اور ملک میں لوکلائزیشن، ملازمت کے مواقع اور مقامی پرزہ جات کی حوصلہ افزائی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے معاشرے میں کمپنی کے فلاحی کاموں اور دس لاکھ شجر کاری مہم کی تعریف کی اس کے علاوہ ملک میں پانی کے بحران کو ختم کرنے کے لیے ڈیم فنڈ میں عطیے کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم سی انجینئرنگ مہارت کی حامل ہے اور حکومت ملک میں صنعت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور آٹو صنعت میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گی۔اس موقع پر سی ای او علی اصغر جمالی نے کمپنی اقدامات کے حوالے سے بتایا کہ لوکلائزیشن کے ذریعے کمپنی روزانہ مقامی وینڈر انڈسٹری سے 15 کروڑ روپے کے پرزہ جات خریدتی ہے جس سے ملک میں نہ صرف بے شمار ملازمت کے مواقع پیدا ہورہے ہیں بلکہ ملک کا قیمتی زرمبادلہ بھی بچانے میں مدد مل رہی ہے۔ اگر آپ کسی بھی حصے سے ٹیوٹا کرولا کا جائزہ لیں تو 90 فیصد امکان ہے کہ یہ حصہ مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے آٹو صنعت کے فروغ کی کوششوں کو سراہا اور درخواست کی کہ حکومتی پالیسی میں پارٹس کی مقامی مینوفیکچرنگ کی حوصلہ افزائی کی جائے اس سے ملک میں مزید روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور آٹو سیکٹر کو پائیدار ویلیو چین میسر آئے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here