پیرس: فرانسیسی کارساز کمپنی رینالٹ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال ایک چینی جوائنٹ وینچر کی وجہ سے اسکی کاروں کی فروخت میں 3.2 فیصد اضافہ ہوا جس میں رواں سال روس اور لاطینی امریکی ممالک میں کاروں کی طلب دوبارہ بڑھنے کی وجہ سے مزید اضافہ متوقع ہے.
رینالٹ نے گزشتہ سال ریکارڈ 3.88 ملین کاریں فروخت کیں اس میں وہ 166000 کاریں بھی شامل ہیں جو اس نے چینی کمپنی بریلیئینس کیساتھ ملکر فروخت کیں. تاہم چینی جوائنٹ وینچر کے علاوہ اس کی عالمی سیل 1.2 فیصد کم رہی.
کمپنی کی آرگینک سیلز میں کمی کی وجہ سے اسے ترکی، ایران، چین اور بھارت میں نقصان اٹھانا پڑا تاہم یورپ میں اسکی کارکردگی بہتر رہی.
کمپنی رواں سال یورپ سمیت پوری دنیا میں آٹوموٹیو مارکیٹ کے استحکام کیلئے پر امید ہے اور اسے توقع ہے کہ روس میں کاروں کی فروخت میں 3 فیصد جبکہ برازیل میں 10 فیصد اضافہ ہوگا.