حکومت بینکوں سے رقم نکلوانے پر وِد ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے پر رضا مند

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2016ء کے میں بینک سے ایک روز میں 50 ہزار روپے نکلوانے پر فائلرز پر 0.3 فیصد اور نان فائلرز پر 0.6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کر دیا تھا

107

کراچی: وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت ٹیکس دہندگان کے لیے بینکوں سے رقم نکلوانے پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کردے گی.

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران وزیر مملکت نے کہا کہ 23 جنوری کو پیش کیے جانے والے منی بجٹ میں مذکورہ ٹیکس ختم کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2016ء کے بجٹ میں بینکوں سے ایک روز میں 50 ہزار روپے نکلوانے پر ٹیکس چھوٹ ختم کرتے ہوئے ٹیکس دہندگان پر0.3 فیصد اور ٹیکس نادہندگان پر 0.6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کر دیا تھا۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری بیان میں چیئرمین خرم شہزاد نے کہا ہے کہ وزیر مملکت حماد اظہر سے ملاقات میں نئے فنانس بل سے متعلق سفارشات پر بات چیت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیرمملکت نے ٹیکس دہندگان کے لیے یہ ٹیکس ختم کرنے کی یقین دہانی کے علاوہ تاجروں کو استعمال شدہ مشینری کی درآمد پر عائد سیلز ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس ختم اور تاخیر سے ٹیکس فائل کرنے والوں کو آڈٹ سے مستثنیٰ قرار دینے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here