جنوبی کوریا کا پاکستانی ورکرز کوٹے میں اضافے پر اتفاق

685

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے جنوبی کوریا کے سفیر نے ملاقات کی جس میں باہمی مفادات کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کے سفیر نے وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے ملاقات کی، جس میں جنوبی کوریا میں پاکستانی ورکرز کے کوٹے میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔
زلفی بخاری نے کہا کہ گزشتہ سال صرف 700 پاکستانی ورکرز جنوبی کوریا گئے، اس سال یہ تعداد بڑھانے پر کام ہورہا ہے، پاکستانیوں کے لیے بیرون ممالک کام کے زیادہ مواقع پیدا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار میں افرادی قوت کے لیے کوٹہ بڑھانے پر کام نہیں ہوا، جنوبی کوریا نے پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
زلفی بخاری کے مطابق جنوبی کوریا کے سفیر نے سیاحت کے شعبے میں اعتماد کا اظہار کیا ہے، سیاحت بڑھانے کے لیے وزیراعظم کی ٹاسک فورس کام کررہی ہے، سڑکوں کے نیٹ ورک کو بہتر بنایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ دیگر ملکوں میں قید پاکستانیوں کا معاملہ دفتر خارجہ کے ساتھ مل کر حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک قید پاکستانیوں کی رہائی اولین ترجیح ہے، معمولی جرائم کی وجہ سے قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ قطر اور سعودی عرب سے قیدیوں کی واپسی پر بات ہو رہی ہے، بحرین کا 12 پاکستانی قیدیوں کو آزاد کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here