لاہور: ٹاپ لائن سکیورٹیز کی تحقیق کے مطابق ایک سال کے دوران شرح سود میں 4.25 فیصد اضافے کے بعد یہ شرح 8 فیصد پر آنے کے باوجود بینکنگ سسٹم کے ڈیپازٹس کی پیداوار 2018ءمیں غیر تسلی بخش رہی۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق 2018ءمیں شیڈول بینکوں کے ڈیپازٹس 992.11 ارب روپے اضافے کے ساتھ 13.353ٹریلین روپے ہو گئے مگر 2008ءسے لے کر اب تک بینکوں کے ڈیپازٹس میں سنگل ڈیجٹ کا بھی اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا، ابتک بینکوں کی جانب سے ایڈوانسز کی مد میں متاثر کن کارکردگی نظر آ رہی ہے لیکن ان کی حکومتی قرضوں کی نیلامی کی مد میں ڈیپازٹس پورا سال تنزلی کا شکار رہے جبکہ دوسری جانب حکومتی کاغذوں میں 2018ء کے دوران سرمایہ کاری میں 11 فیصد کمی ہوئی۔
اور یہ اس دہائی میں پہلی مرتبہ ہوا کہ مذکورہ شعبہ سرمایہ کاری میں منفی پیداوار دکھا رہا ہے۔ ٹاپ لائن سکیورٹیز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2017ءمیں ڈیپازٹس کی شرح 10فیصد جبکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران12فیصد کی اوسط پر رہی، دوسری جانب نجی شعبہ کی پیشگیوں میں گزشتہ سال کی نسبت زیادہ پیداوار نظر آ رہی ہے۔