اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ سرکاری زمین پر قبضہ برداشت نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کی 102 کنال اراضی وا گزار کرا لی گئی ہے، معاونِ خصوصی زلفی بخاری نے ڈی سی کے ہمراہ او پی ایف ویلی زون فائیو کا دورہ کیا۔
ڈی سی اسلام آباد او پی ایف کی 102 کنال زمین لینڈ مافیا کے قبضے میں تھی، زلفی بخاری نے اس موقع پر کہا ’سرکاری زمین پر قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ اس زمین پر اوورسیز پاکستانیوں کا حق ہے، او پی ایف اسکیم پر کام شروع ہو گیا ہے، الحمد للہ حکومت کی رِٹ قائم کر دی گئی۔
ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ زون کے پاس پولیس پکٹس بنا دی گئی ہیں، او پی ایف زون فائیو کی باؤنڈری وال اسلام آباد ایڈمنسٹریشن کی نگرانی میں بنائی جا رہی ہے، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو اندر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
چھ دن قبل وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری نے کہا تھا کہ دیگر ملکوں میں قید پاکستانیوں کا معاملہ دفترِ خارجہ کے ساتھ مل کر حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، معاون خصوصی سے دیگر ملکوں میں قید پاکستانیوں کے ورثا نے ملاقات بھی کی، زلفی بخاری نے قیدیوں کے ورثا کو رہائی کے لیے کوششوں کی یقین دہانی کرائی۔