اسلام آباد: وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان دیامر بھاشا و مہمند ڈیم فنڈ میں اب تک 9.132 ارب روپے کے فنڈز جمع ہو چکے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ڈیم فنڈ میں اندرون ملک سے 7.912 اور بیرون ممالک سے 1.22 ارب روپے کے عطیات جمع ہو چکے ہیں۔
سمندر پار پاکستانیوں میں سے امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈیم فنڈ میں عطیات دینے میں سرفہرست ہیں جنہوں نے اب تک 443.572 ملین روپے کے فنڈز جمع کئے ہیں۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے ڈیم فنڈ میں اب تک 234.642 ملین روپے کے عطیات دیئے ہیں۔ اسی طرح مختلف سیلولر کمپنیوں کی جانب سے ایس ایم ایس کے ذریعے 132.4 ملین روپے کے فنڈز جمع کئے گئے۔ سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق حکومت پنجاب سرکاری ڈونرز میں سرفہرست ہے جنہوں نے ڈیم فنڈ میں 1.09 ارب روپے کے فنڈ جمع کرائے۔ پاکستان آرمی 582.071 ملین، ہیڈ کوارٹرز سی ڈبلیو او، ایس پی ڈی 201.093 ملین روپے کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ بحریہ ٹاﺅن 110.12 ملین روپے اور پاکستان ایئر فورس 100.28 ملین روپے کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے 10 جولائی 2018ءکو دیامر بھاشا و مہمند ڈیم فنڈ کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی اس قومی کاز میں شمولیت کا اعلان کیا جس کے بعد ڈیم فنڈ کا نام وزیراعظم و چیف جسٹس آف پاکستان فنڈ برائے تعمیر دیامر بھاشا و مہمند ڈیم رکھا گیا۔