کراچی: ماسٹر موٹر نے پاکستان میں پہلے اطالوی آئی ویکو(Iveco) ٹرک کی اسمبلنگ رواں سال شروع کرے گی جو پاکستان میں اولین اطالوی برانڈ ہوگی۔اس بات کا اعلان سی ای او ماسٹر موٹر دانیال ملک نے صارفین کو معیاری مصنوعات اور خدمات کی فراہمی کے لیے اپنے پہلے جدید ترین فائیو اسٹار فیسیلٹی سینٹر شوروم کے افتتاح کے موقع پر آج کیا جو سائٹ ایریا ، کراچی میں تعمیر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماسٹر موٹر پاکستان کی ترقی کے لیے کمربستہ ہے ہم آئی ویکو (Iveco) ٹرک درآمد کررہے ہیں تاہم اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس کی اسمبلنگ سال کے وسط سے ملک میں شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ (Iveco) ٹرک اور فوٹان اور فوسو گاڑیاں پہلے ہی ملک میں فروخت کی جارہی ہیں جو اوگرا کے معیار کے مطابق ہیں۔ اگلے ماہ سے چینگن برانڈ کی گاڑیاں بھی کمپنی ملک میں تیار کرے گی۔ چینگن اور ماسٹر موٹر کے درمیان 100 ملین ڈالر کے اس مشترکہ منصوبے سے ملک میں 10 ہزار بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ہم نے پاکستان میں پہلے ہی 10 ڈیلر شپ بڑے شہروں میں قائم کردیئے ہیں جبکہ ملک میں یہ پہلا فائیو اسٹار فیسیلٹی سینٹر شوروم صارفین کو خدمات اور معیاری مصنوعات فراہم کرے گا۔ ندیم ملک، منیجنگ ڈائریکٹر( MMCL)نے اس موقع پر اپنی ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کو بھی دہرایا کہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس فائیو اسٹار فیسیلٹی سینٹر کا مقصد صارفین اور اداروں کو بہترین خدمات ، سہولتیں فراہم کرنا اور صارفین اور انڈسٹری کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔افتتاح کے موقع پر کمپنی نے فراہم کی جانے والی اپنی تمام گاڑیوں کو اجاگر کیا۔ کمپنی صارفین کو ہر قسم کی گاڑیاں بشمول ایس یو ویز، ایم پی ویز، ایل سی ویز، ٹرک اور بسیں فراہم کرے گی جو دنیا کی بڑی کمپنیوں جیسے فوٹون، چینگن، فوسو، آئی وی ای سی او برانڈ کی ہیں۔