عالمی بینک صوبہ سندھ میں شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر قرض دیگا، سندھ میں 2 لاکھ گھریلو صارفین کو سولر ہوم سسٹم فراہم کئے جائیں گے۔
پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان 10 کروڑ ڈالر قرض کے معاہدے پر اسلام آباد میں دسختط کئے گئے، سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد، صوبہ سندھ کے سیکریٹری محکمہ انرجی مصدق احمد خان اور عالمی بینک کے کنڑی ڈائریکٹر نے معاہدے پر دستخط کئے۔
معاہدے کے تحت عالمی بینک صوبہ سندھ میں شمسی توانائی کے ذریعے بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے پاکستان کو 100 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا، منصوبے پر مجموعی طور پر 105 ملین (10 کروڑ 50 لاکھ) ڈالر لاگت آئے گی۔
شمسی توانائی منصوبے کیلئے عالمی بینک 100 ملین ڈالر جبکہ 5 ملین ڈالر کے باقی فنڈز سندھ حکومت فراہم کرے گی، اس منصوبے سے ابتدائی طور پر 50 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی، 20 میگا واٹ بجلی کراچی، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر سولر پینل لگاکر حاصل کی جائے گی۔
منصوبے کے تحت بجلی کی کمی والے علاقوں میں 2 لا کھ گھریلو صارفین کو سولر ہوم سسٹم فراہم کئے جائیں گے۔