لاہور: پاکستانی حکام نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کو آگاہ کیا ہے کالعدم تنظیموں کے اثاثے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے ہیں۔
مقامی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جماعت الدعوۃ اور اس کی ذیلی سماجی تنظیم فلاح انسانیت فاونڈیشن کے علاوہ دیگر کالعدم تنظیموں داعش، طالبان، القاعدہ، لشکر طیبہ، جیش محمد اور حقانی نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے افراد اور جماعتوں کے اثاثے اور اکائونٹس منجمد کردیے گیئے ہیں.
آسٹریلوی شہر سڈنی میں ہونے والے پاکستان اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ایشیا پیسفک گروپ کے مابین اجلاس میں پاکستانی وفد نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ سے متعلق بریفنگ دی۔
واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف نے دہشتگردوں کی مالی مدد اور منی لانڈرنگ کیخلاف اقدامات نہ کرنے پر گزشتہ سال جون میں گرے لسٹ پر ڈال دیا تھا.
پاکستانی وفد نے ایشیا پیسیفک گروپ (اے پی جی) کو تمام معاملات پر پیشرفت سے آگاہ کیا.
ایشیا پیسفک گروپ کی جانب سے پاکستانی اقدامات کی رپورٹ ایف اے ٹی ایف سربراہی اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
گروپ کی جانب سے پاکستان کو فنانشل مانیٹرنگ یونٹ اور نیکٹا کے حوالے سے مزید کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ قوانین پر عملدرآمد کیلئے ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیرارزم فنانسنگ رسک اسیسمنٹ رپورٹ بھی اے پی جی کے حوالے کرے گا.