لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی نے مہمند ڈیم کا ٹھیکہ وزیراعظم کے مشیربرائے صنعت و تجارت عبدالرزاق دائود کی کمپنی ڈیسکون کو دینے کیخلاف نیب میں درخواست دائر کردی. درخواست میں نیب کو احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کرنے کی استدعا کی گئی ہے اور معاملہ کی مکمل تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمٰن نے نیب میں درخواست جمع کروائی ہے جس میں مہمند ڈیم کے ٹھیکے کے خلاف نیب آرڈیننس کے مطابق کارروائی کی استدعا کی گئی ہے. درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹھیکے کے خلاف شفاف تحقیقات کی جائیں اور ریفرنس بھی دائر کیا جائے۔
قبل ازیں اپوزیشن جماعتوں نے مہمند ڈیم کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے مسترد کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے مطابق مہمند ڈیم کی تعمیرکے لیے دیے جانےوالے ٹینڈر پر قواعد و ضوابط کا خیال نہیں رکھا گیا اور وزیر اعظم کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق دائود کی ڈیسکون کمپنی کو واحد بولی لگانے کی حیثیت سے ٹھیکہ دیا گیا جو غلط ہے۔
تاہم حکومتی وزراء کا موقف یہ ہے کہ اس ٹھیکے میں میرٹ کی خلاف ورزی نہیں کی گئی اور یہ تحریک انصاف کی بجائے ن لیگی حکومت میں دیا گیا ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے مہمند ڈیم کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا مطالبہ بھی کیا جسے مسترد کر دیا گیا.