مہمند ڈیم پر تمام قانونی مالی و تکنیکی رکاوٹیں دور، کام آئندہ دو ہفتوں میں شروع ہوگا، چیئرمین واپڈا

منصوبے کا ٹھیکہ پیپرا رولز کے مطابق چینی کمپنی سی جی جی سی اور پاکستانی کمپنی ڈیسکون پر مشتمل جوائنٹ وینچر کو دیا گیا ہے

642

اسلام آباد: چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کی تعمیر کی راہ میں حائل تمام قانونی، مالی اورتکنیکی رکاوٹوں کو دور کردیا گیا ہے اور اس ڈیم پر کام آئندہ دو ہفتوں میں شروع ہوگا.

سوموارکے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ منصوبے کا ٹھیکہ پیپرا رولز کے تحت تمام قواعد و ضوابط مکمل کرنےکے بعد چینی کمپنی سی جی جی سی اور ایک پاکستانی کمپنی ڈیسکون پر مشتمل جوائنٹ وینچر کو دیا گیا ہے اور آئندہ دو ہفتوں کے دوران تعمیراتی کام شروع کرنے کے لئے تمام بنیادی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس کے لئے قبائلی عوام نے قومی مفاد میں چند ماہ میں اپنی اراضی فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا نے چار اہم منصوبے مکمل کئے ہیں جن میں نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ، تربیلا چار توسیع منصوبہ، گولن گول پن بجلی منصوبہ اور کچی کینال منصوبہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبے کے تمام چاروں یونٹ اب فعال ہیں اور قومی گرڈ کو سستی پن بجلی فراہم کررہے ہیں۔

چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک میں پانی کی بڑھتی ہوئی قلت اور غذائی تحفظ یقینی بنانے کے پیش نظر اس منصوبے کی تکمیل کے لئے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کاعزم کر رکھا ہے.

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here