سٹیٹ بنک نے عمران مقبول کی بطور صدر مسلم کمرشل بنک دوبارہ تعیناتی کی منظوری دے دی

سن 2002ء میں ایم سی بی میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل عمران مقبول بینک آف امریکا اور سٹی بنک کے ساتھ 17 سال تک منسلک رہے ہیں، کئی کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہیں

487

لاہور: مسلم کمرشل بنک ( ایم سی بی) نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ سٹیٹ بنک آف پاکستان نے عمران مقبول کوتین سال کی مدت کیلئے دوبارہ مسلم کمرشل بنک کا صدر/ سی ای او بنانے کی منظوری دے دی ہے.

پاکستان سٹاک ایکسچیج کو بھیجے گئے ایک نوٹیفکیشن میں ایم سی بی نے کہا ہے کہ مرکزی بنک نے عمران مقبول کو تین سال کیلئے بطور سی ای او مسلم کمرشل بنک دوبارہ تعیناتی کی منظوری دی ہے اور وہ اس عہدہ پر 21 دسمبر 2018 ء سے تصور کیے جائیں گے.

عمران مقبول بینکنگ کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں قبل ازیں وہ ایم سی بی کمرشل برانچ بینکنگ گروپ اور کارپوریٹ بینکنگ کے سربراہ رہ چکے ہیں. اس کےعلاوہ سری لنکا میں مسلم کمرشل بنک کے کنٹری ہیڈ کے طور پر بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں.

انہوں نے اسلامک بینکنگ اور سپیشل ایسٹ مینجمنٹ گروپس کی سربراہی بھی کی ہے.

سن 2002ء میں ایم سی بی میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل وہ بینک آف امریکا اور سٹی بنک کے ساتھ 17 سال تک منسلک رہے.

عمران مقبول تاحال آدم جی انشورنس کمپنی، ایم سی بی فنانس سروسز لمیٹڈ اور پاکستان توبیکو کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی شامل ہیں.

عمران مقبول نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے ایم بی اے جبکہ ایم آئی ٹی سلون سکول آف مینجمنٹ میسا چیوسٹس امریکا سے ایم ایس مینجمنٹ کر رکھا ہے.

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here