لاہور: چین پاکستان کو اپنے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کیلئے 2 بلین ڈالر قرض دے گا تاکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں استحکام آسکے۔
فنانشل ٹائمز میں منگل کے روز جاری ایک رپورٹ کے مطابق 2 اعلیٰ حکومتی حکام نے آگاہ کیا کہ پاکستانی روپے کی قدر مستحکم کرنے اور زر مبادلہ ذخائر میں اضافے کیلئے چین پاکستان کو 2 بلین ڈالر فراہم کرے گا۔
ایک سینئر سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ بحران پر قابو پانے کیلئے چین کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ اگر روپیہ کی قدر میں استحکام نہ آیا تو ہم چین سے رجوع کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چین پاکستان کو دی جانے والی مالی امداد کے بارے میں باضابطہ اعلان نہیں کرے گا کیونکہ پاکستان کو بڑے قرضوں کی ادائیگی، مالی خسارہ اور بیرون ملک زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سامنا ہے۔
پچھلے ماہ ایک انگریزی جریدے کی رپورٹ کے مطابق چین نہیں چاہتا کہ پاکستان زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ کی چینی کاوش کو نمایاں کرے۔