لاہور: پاک چین مشترکہ ایوان صنعت و تجارت (پی سی جے سی سی آئی) کے صدر شاہ فیصل آفریدی نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اوردونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم 20 ارب ڈالر سے زیادہ ہے.
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاک چین مشترکہ ایوان صنعت وتجارت کے صدر شاہ فیصل آفریدی اور سینئر نائب صدر احمد حسنین نے لاہور میں چیمبر کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ چین کا ون بیلٹ ون روڈ پروگرام دنیا میں مزید اقتصادی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے دونوں ملکوں میں سڑکوں اور ریلوے روٹس کی تعمیر اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے چینی حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی پر عملدرآمد پر زور دیا۔
شاہ فیصل آفریدی نے کہا کہ چین عالمی معیشت میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے جس کی پاک چین تعلقات میں بھی عکاسی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جس کے ساتھ تجارتی شراکت داری کا حجم 20 ارب ڈالر ہے۔
ایوان کے سینئر نائب صدر احمد حسنین نے اس موقع پر کہا کہ سرمایہ کاری اور تجارت سے متعلق مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ علاقائی اقتصادی روابط کو فروغ دیا جاسکے۔