پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے یو مائیکرو فنانس بینک (U Bank) کے ساتھ 4 بلین روپے کے ‘انسیکیورڈ سب اورڈینیٹڈڈیبٹ فیسیلٹی’ (Unsecured Subordinated Debt Facility) (Tier 2 Capital)کی سرمایہ کاری کے لئے معاہدے پر دستخط کئے ۔ یہ عمل بینک کو پاکستان کے مائیکرو فنانس سیکٹر میں ممکنہ ترقی کے مواقع پر مزید انویسٹمنٹ کے قابل بنائے گا۔
یو مائیکرو فنانس بینک پی ٹی سی ایل کا ایک مکمل ملکیتی ذیلی بینک ہے۔مسلسل تبدیل ہوتے ہوئے مسابقت کے منظر نامے میں Tier 2 کی سہولت یو بینک کی موجودہ خدمات کو مزید کسٹمرز تک رسائی کے قابل بنائے گی۔یو بینک فنڈز کو اپنے کاروباری عمل اور توسیع کے منصوبوں میں استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ترقی کے نئے مواقع،جدت اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعہ بینک اپنے کسٹمرزکی خدمت کرتے ہوئے، ترقی کا اہداف حاصل کرنے پر توجہ دے گا۔
Tier 2 کی سرمایہ کاری نہ صرف بینک کی جانب سے کی جانے والی اضافی سرمایہ کاری کو موزوں طریقے سے استعمال کرنے میں معاون ہوگی، بلکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مائیکرو فنانس بینکوں کے لئے ہدایات کے مطابق یہ سرمایہ کاری کیپیٹل ایڈیکیسی ریشو (CAR) کے لئے بھی مدد گار ہوگی۔ڈاکٹر ڈینیئل رٹز، پریزیڈنٹ و سی ای او، پی ٹی سی ایل اور چیئرمین ، یو مائیکرو فنانس بینک نے اس موقع پرکہا : ’’ مزید وسعت کی گنجائش اور توسیع کے لئے یو مائیکرو فنانس بینک کی ممکنہ صلاحیت دیکھ کر، پی ٹی سی ایل نے مزید سرمایہ کاری یعنی Tier 2 سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ پی ٹی سی ایل کا پاکستان اور اس کی معیشت کی ترقی میں تعاون کے عزم سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔‘‘یو بینک کے صدر اور سی ای او، کبیر نقوی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا : ’’یو مائیکرو فنانس بینک کامیابی سے غیر مراعات شدہ پاکستانیوں کو خدمات فراہم کررہا ہے، اور ساتھ ہی غربت کے خاتمے اور ملکی معاشی ترقی میں بھی مثبت کردار ادا کررہا ہے۔
Tier 2 کی یہ سرمایہ کاری نہ صرف مثبت نتائج فراہم کرنے کی صلاحیت پر ہمارے اسپانسر کے اعتماد کا مظہر ہے ، بلکہ پاکستان کی ترقی کے لئے پی ٹی سی ایل کے عزم کا ثبوت ہے۔‘‘فی الوقت یو بینک 850,000 سے زائدکسٹمرز کو خدمات مہیا کررہا ہے، ان میں سے 22 فیصد خواتین کسٹمر ہیں۔سال 2018 کے اختتام تک یو مائیکرو فنانس بینک کا ڈپازٹ پورٹ فولیو 11.97 بلین روپے سے بڑھ کر 19.0 بلین روپے سے تجاوزکر گیا ہے، جبکہ لون پورٹ فولیو 10.6 بلین روپے سے بڑھ کر 17.0 بلین روپے ہو گیا ہے۔
سب سے اہم بات اس کے ملازمین کی تعداد میں اضافہ ہے جو 1,321 سے بڑھ کر 1,980ہو گئی ہے جس میں 9 فیصد خواتین ہیں۔پی ٹی سی ایل اور یو مائکروفنانس بینک پاکستان سے غربت کے خاتمے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور پاکستانی عوام کی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔