پاکستان سٹینڈرز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) نے متعدد بیوٹی کریم اور کاسمیٹکس کی مصنوعات بنانے والی کمپنیز کو حفظان صحت کے باعث نوٹسز جاری کئے ہیں اور ملک کی ایک قابل ذکر بیوٹی کریم کو صحت کیلئے مضر قرار دیا ہے۔
مذکورہ اتھارٹی کی جانب سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق بیشتر عوامی اور نجی لیبارٹریوں سے نمونوں کو جانچا گیا تو فائزہ بیوٹی کریم میں ایسے اجزاء پائے گئے جو جلد اور صحت کیلئے نقصان دہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فائزہ بیوٹی کریم پونیا برادرز کی جانب سے گوجرانوالہ میں 2011 سے تیار کی جا رہی ہے جو اب پاکستان کی سب سے بڑی رنگ گورا کرنے والی کریم بن چکی ہے۔ دلچسپی کی بات یہ ہے کہ فائزہ بیوٹی کریم میں پارہ، ہائیڈروکیونون اور سٹیرائیڈز شامل ہیں اور یہ کریم پاکستان کی تمام منڈیوں، دکانوں اور دواخانوں پر بیچی جاتی ہے۔
پاکستان سٹینڈرز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے کراچی اور لاہور میں اوپن مارکیٹ کا جائزہ لیا گیا تو اس میں مرکری کی بڑی مقدار پائی گئی۔
مذکورہ اتھارٹی نے گوجرانوالہ میں پونیہ برادرز کو مصنوعات میں مرکری کی 60ملی گرام فی کلو سے زیادہ مقدار استعمال کرنے پر نوٹسز جاری کئے ہیں جبکہ صحت کی عالمی تنظیم نے یہ مقدار 1 ملی گرام فی کلو مقرر کی ہے۔ رنگ گورا کرنے والی ایسی مصنوعات جن میں مرکری شامل ہے صحت اور جلد کیلئے نقصان دہ ہیں پاکستان میں ممنوع قرار دے دی گئی ہیں۔