زی جیانگ: غربت کے خاتمے کیلئے چین میں حکومت نے کسانوں کو بھیڑیں فراہم کردیں.
وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے 29 نومبر کو حکومت کی پہلے 100 دن کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غربت کے خاتمے کے لیے خواتین کو مرغیاں اور کٹے دینے کا اعلان کیا تو ان کے بیان کا بعض حلقوں کی جانب سے کافی مذاق اڑایا گیا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے انہیں ”شیخ چلی” کہہ کر بھی پُکارا گیا.
اس تنقید کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ”ہم مرغیاں پال کر غربت مٹانے کی بات کرتے ہیں تو مذاق اُڑایا جاتا ہے جب یہی بات کوئی ”ولایتی” کرے تو اسے سمجھدار کہا جاتا ہے”۔
وزیر اعظم عمران خان غربت کے خاتمے کیلئے چین کی تقلید کرنے کے حوالے سے بھی بیانات دیتے رہے ہیں. لیکن اب چین سے ہی مرغیوں کے ذریعے تو نہیں لیکن بھیڑیں پال کر غربت ختم کرنے کے حوالے سے خبریں ضرور آ رہی ہیں.
خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق چین کے مشرقی چینی صوبے زی جیانگ میں غربت کے خاتمے کیلئے حکومت نے کسانوں کو بھیڑیں فراہم کی ہیں۔
چینگ زنگ کاؤنٹی میں کسانوں کو9ہزار سے زائد اعلیٰ نسل کی بھیڑیں فراہم کی گئیں جس کیلئے مقامی حکومت نے ان کسانوں کی مکمل رہنمائی اور مدد بھی کی جس کے نتیجے میں آج یہ کسان اپنی ضروریات زندگی بہتر طور پر پوری کر رہے ہیں اور نہ صرف حکومت کی طرف سے فراہم کردہ بھیڑیں ان کے پاس ہیں بلکہ گذشتہ چند برسوں کے دوران ان میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے جس سے یہ کسان بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔