اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 2018-19ء کے پہلے 5 ماہ کے دوران بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں 400 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مرکزی بینک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران (یکم جولائی تا 5 دسمبر) تک اسلامی بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 8 گنا اضافہ ہوا۔
جاری مالی سال کے دوران 5 دسمبر تک روایتی بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو 268.5 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں نجی شعبے کو روایتی بینکوں کی جانب سے صرف 65 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے تھے۔
دوسری جانب اسلامی بینکاری کے شعبے میں قرضوں کی فراہمی 8 گنااضافے سے 48.5 ارب روپے رہی، گزشتہ سال اسی عرصے میں اس کا حجم 6.2 ارب روپے رہا تھا ۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں جاری مالی سال کے 5 ماہ کے دوران روایتی بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو قرضہ جات کی فراہمی میں 400 فیصد یعنی 203.5 ارب روپے جبکہ اسلامی بینکاری کے شعبہ کی جانب سے نجی شعبہ کو فراہم کیے گئے قرضوں کے حجم میں 42.3 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔