کراچی میں فریٹ ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہمارے فریٹ کی آمدن 18 ارب روپے ہے، 14 سال پہلے جہاں ریلوے کو چھوڑ کر گیا چیزیں ویسی ہی ملیں، لوگوں نے بس انجن خریدے۔
انہوں نے کہا کہ دھابیجی ایکسپریس ناکام ہوئی تو اسے میرپور خاص تک کردیا، کراچی سے پشاور تک پٹری ڈالنے کے لیےچین سے بات چل رہی ہے، پرانی پٹری کو دوسری لائنوں پر لے جائیں گے جب کہ کراچی سرکلر ریلوے بھی سی پیک کا حصہ بن چکا ہے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مجھے معیشت کا پتہ ہے، میں 8 مرتبہ وزیر رہا ہوں، ریلوے کا خسارہ پرائیویٹ سیکٹر کی مدد سے ہی ختم ہوگا، میں ریلوے کرائے میں مزید اضافہ کروں گا اور جانے سے قبل ریلوے کے ملازمین کا ایک گریڈ بڑھاکر جاؤں گا۔
شیخ رشید نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو جاگیرداروں اور وڈیروں نے لوٹا، چوروں کاحال دیکھیں آج چیخیں مار رہے ہیں، انہوں نےملک کولوٹا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 5 دسمبر کو ہی ریلوے نے ٹرین کے کرایوں میں 10 سے 19 فیصد تک اضافے کا اعلان کیا تھا۔