لندن: عالمی اسٹاک مارکیٹوںمیں مسلسل ساتویں روز بھی مندی کا رجحان رہا جبکہ ممکنہ امریکی شٹ ڈائون اور خراب ہوتی عالمی معاشی صورتحال کے حوالے سے بھی سرمایہ کار تشویش کا شکار رہے.
ایم ایس سی آئی ورلڈ ایکویٹی انڈیکس (جو 47 ممالک میں حصص کا تعین کرتا ہے) سوموار کو 0.15 فیصد نیچے گرا جبکہ گزشتہ سات سیشنز میں 7 فیصد تک نیچے آ چکا ہے جو کہ جنوری 2016ء کے بعد اس کی خراب ترین کارکردگی ہے.
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے میسیکو کیساتھ سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے مزید فنڈز کے مطالبے پر امریکی سینٹ میں ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے. ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار کے مطابق حالیہ شٹ ڈائون 3 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے.
سست معاشی نمو کی وجہ سے امریکی سٹاک مارکیٹس میں حالیہ ہفتوں میں مندی کا رجحان رہا. ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں دسمبر کے دوران گریٹ ڈپریشن کے بعد سب سے زیادہ مندی دیکھی گئی. Nasdaq میں انتیس اگست کے بعد سے 22 فیصد تک گراوٹ ہو چکی ہے.
یورپی مارکیٹوں میں بھی یہی حال ہے. پان یورپین انڈیکس جمعہ کو اپنے کم ترین سطح پر آ چکا تھا.