لاہور: امریکی پابندیوں کا سامنا کرنے والی ایران کی فضائی کمپنی ‘مہان ایئر’ کی پروازوں پر جرمنی نے بھی پابندی عائد کر دی ہے جو نئے سال کے آغاز سے نافذ العمل ہو گی.
مہان ایئر پر الزام ہے کہ وہ ایران سے پاسداران انقلاب کے فوجیوں، جنگجووں اور اسلحہ کی شام منتقلی کیلئے پروازیں اڑاتی رہی ہے.
ایک اخباری رپورٹ کے مطابق جرمن حکومت نے مہان ایئر کی میونخ اور ڈسلڈورف شہروں میں پروازوں پر پابندی عائد کی ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ نے ایران کی مہان ایئر فضائی کمپنی کو کچھ عرصہ قبل ہی بلیک لسٹ کردیا تھا۔ اسکے ساتھ ایک تھائی ایوی ایشن کمپنی اور ایک ملائیشین سیلز ایجنٹ پر پابندی لگائی گئی تھی.
دو شہروں میں پروازوں کی اجازت دینے پر برلن میں امریکی سفارتخانے نے جرمن حکومت پر تنقید کی تھی. تاہم مہان ائیر لائن کی ویب سائٹ کے مطابق یہ پیرس، بارسلونا، میلان اور ایتھنز کیلئے بھی پروازیں چلاتی ہے.
ایران کے بارے میں پالیسی پر جرمنی اور دیگر یورپی یونین ممالک امریکا کیساتھ اختلافات رکھتے ہیں.