لاہور: پنجاب حکومت نے کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کےمطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف کارروائی کے لیے وزیرخوراک، سیکریٹری خوراک اورکین کمشنر کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مطالبات تسلیم ہونے کے بعد شوگر ملیں نہ چلانے کا کوئی جواز نہیں، ملیں نہ چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے، تحریک انصاف کی حکومت کسانوں کے ساتھ ہے، گنے کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت یقینی بنائی جائے گی اور شوگر ملیں کاشتکاروں سے گنا مقرر کردہ نرخوں پر خریدنے کی پابند ہوں گی جبکہ وزن میں کٹوتی کی شکایت پر بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے بقایاجات اور سبسڈی کی مد میں رقوم کی ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد پنجاب کی شوگر ملز ایسوسی ایشن نے 7 دسمبر کو کرشنگ سیزن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔